'یوسف رضا گیلانی کو باہر جانے سے روکنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے'

Last Updated On 06 February,2019 03:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے یوسف رضا گیلانی کو باہر جانے سے روکنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، آئینی حقوق کو پامال کرنا نیازی حکومت کا وتیرہ ہے، نیازی سرکار پیپلزپارٹی کی فعال اپوزیشن سے خوفزدہ ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ والوں کے جھوٹے وعدوں اور عوام دشمن پالیسیوں کا آپریشن کرتے رہیں گے، یوسف رضا گیلانی کے خلاف غیر قانونی اقدام کا ازالہ کیا جائے، عمران خان سن لیں، ہم انہیں اپنی مرضی کا نقاب لگانے نہیں دیں گے۔

یاد رہے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو ای سی ایل میں نام ہونے پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، وہ لاہور ایئر پورٹ سے عالمی کانفرنس میں شرکت کرنے کیلئے جنوبی کوریا جا رہے تھے، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی بھی یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں امیگریشن کاؤنٹر پر ایف آئی اے حکام نے روکا کیونکہ نیب میں کیسز کی وجہ سے ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔ بیرون ملک جانے سے روکے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا میں پاکستان چھوڑنے کا تصور تک نہیں کرسکتا، ڈیڑھ ماہ قبل ایشیا پیسفک کانفرنس میں شرکت کیلئے نیپال گیا، آج براستہ بنکاک جنوبی کوریا جارہا تھا کہ مجھے روک کر بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا حالانکہ سیؤل میں ہونے والی ورلڈ سمٹ میں روانگی کے حوالے سے نیب جج کو آگاہ کر دیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا دفتر خارجہ اور محکمہ داخلہ میرے بیرون ملک دوروں سے آگاہ تھے، میں مسلسل عدالتوں میں پیش ہوکر الزامات کا سامنا کر رہا ہوں، پی ٹی آئی حکومت بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانا بند کرے اور انتقام کا راستہ ترک کرے کیونکہ یہ خود عمران خان کے لیے اچھا نہیں ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر نیا پاکستان تعمیر نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کا سابق وزیراعظم اگر جبر کا شکار ہے تو عام آدمی کو کیا تحفظ ملے گا ؟۔