نواز شریف کی صحت پر پنجاب حکومت کا سیاسی تماشا شرمناک ہے، مریم اورنگزیب

Last Updated On 08 February,2019 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میاں محمد نواز شریف کی صحت اور ان کو دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں حکومت وقت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بیان دیا ہے کہ ان کی صحت پر پنجاب حکومت کا سیاسی تماشا اور تضحیک آمیز رویہ شرمناک ہے۔ میاں صاحب کو ذہنی تکلیف پہنچا کر مخالفین جو سیاست کر رہے ہیں اس کا انہیں جواب دینا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین مرتبہ منتخب وزیراعظم کی صحت پر سیاست کرنا مخالفین کی چھوٹی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ پنجاب حکومت بتائے کہ اس نے اپنے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈز کی طبی تشخیص کے برعکس عمل کیوں کیا؟ اور میاں صاحب کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیوں نہیں لے جایا گیا اور سروسز ہاسپٹل کیوں لے جایا گیا؟

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے سیاسی تماشے کا مقصد محمد نواز شریف کو ذہنی اذیت پہنچانا تھا۔ میاں نواز شریف کو بورڈ کی دی گئی تجویز پر فوری طور پر اُس ہسپتال میں داخل کیا جائے جہاں دل کے عارضہ کی طبی سہولیات میسر ہوں۔ صحت کے بنیادی حق پر سیاست اذیت ناک ہے۔

 

Advertisement