حکومت پنجاب کا پولیو قطرے 10 برس تک کے بچوں کو پلانے کا اعلان

Last Updated On 17 February,2019 02:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے انسداد پولیو کے قطرے دس برس تک کے بچوں کو پلانے کا اعلان کر دیا، وزیراعلی پنجاب نے لاہور میں پولیو کیس سامنے آنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ انسداد پولیو کے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تعطیل کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، محکمہ صحت اوردیگر محکموں کےاعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران لاہور میں پولیو کا کیس سامنے آنے کی وجوہات اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت پنجاب نے انسداد پولیو کے قطرے 10برس تک کے بچوں کو پلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں پولیو کا کیس سامنے آنے پر اظہار برہمی کیا اور فیصل آباد اور راولپنڈی میں ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر بھی اظہار ناراضی کیا۔

وزیراعلی پنجاب کااجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ لاہورمیں پولیو کا کیس سامنے آنا انتہائی تشویشناک امر ہے، آؤٹ فال روڈ پر سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور وہاں پر واسا کا سب ڈویژن آفس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے شالا مار ٹاؤن میں پولیو کا کیس سامنے آنے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی، اجلاس کو بتایا گیاکہ پولیو کا شکار ہونے والے بچے کو انسداد پولیو کی زیرو ڈوزنہیں دی گئی۔