بھارت کو جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا: میجر جنرل آصف غفور

Last Updated On 27 February,2019 03:34 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، جواب دینے کیلئے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، 2 طیارے مار گرائے، 2 پائلٹ گرفتار ہوئے، پاکستان نے ایف 16 نہیں اڑایا، گرانے کا دعویٰ جھوٹ ہے، جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے، امن کا پیغام دیا۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا اپنی حدود کے اندر رہتے ہوئے 6 ٹارگٹ چنے، کھلی جگہ پر اسٹرائیک کیا، ہم نے ذمہ داری کا ثبوت دیا، بھارتی طیاروں کو فضا میں لاک کر کے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا 2 بھارتی جہاز پاکستان کی حدود میں داخل ہوئے، دونوں بھارتی طیاروں کو مارگرایا، ایک زخمی پائلٹ کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرا بھارتی پائلٹ ہمارے پاس ہے، مقبوضہ کشمیر میں 6 اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستانی ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا، پاک فضائیہ آپریشن میں ایف 16 استعمال ہی نہیں کیے، دونوں ملکوں کے پاس جنگ کی صلاحیت ہے تاہم یہ امن پالیسیوں کی ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا جنگ شروع کی جاسکتی ہے لیکن اس کے خاتمے سے متعلق کوئی نہیں جانتا، دونوں ملکوں اور خطے کےعوام کو زندہ رہنے کا حق ہے، ہمیں جنگ کی بجائے خطے کو غربت، افلاس سے نکالنا ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنگ دنیا کے کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، پاکستانی میڈیا نے نہایت ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، پاکستانی میڈیا امن کی طرف لے جانے والی رپورٹنگ کریں۔ انہوں نے کہا آج کی ہماری کارروائی ملکی دفاع کیلئے تھی، بھارت کو پیغام دیا کہ ہم صلاحیت کے باوجود امن چاہتے ہیں، بھارت کو پیغام دیا کہ ہم صلاحیت کے باوجود امن چاہتے ہیں۔

گرفتار انڈین پائلٹ کی ویڈیو میڈیا کو دکھائی گئی جس میں بھارتی لڑاکا طیارے کے پائلٹ ابھی نندن نے میڈیا کے سامنے اپنا نام اور انڈین ایئر فورس کا سروس نمبر بتایا۔ ابھی نندن کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی فضائیہ میں ونگ کمانڈر ہے اور اس کا سروس نمبر 27981 ہے۔

 قبل ازیں ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر کارروائی کی، پاکستان نے 2 بھارتی طیارے مار گرائے، ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 بھارتی پائلٹس کی تلاش جاری ہے۔

Advertisement