آمدن سے زائد اثاثے: سراج درانی کے ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع

Last Updated On 01 March,2019 12:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملے پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی درخواست پر سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع کر دی۔

کراچی کی احتساب عدالت میں آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی روزانہ اسمبلی سیشن کیلئے چلے جاتے ہیں جس کے باعث تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کر دی جبکہ آغا سراج درانی کے وکیل نے مزید ریمانڈ کی مخالفت کی۔

احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی درخواست منظور کرتے ہوئے آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع کر دی۔ غیر رسمی گفتگو میں آغا سراج درانی کا کہنا تھا نیب کی جانب سے میری فیملی کو پریشان کیا جا رہا ہے اور میرے بھائی کو بھی نوٹس بھیجا گیا ہے۔ دوسری جانب سپیکر سندھ اسمبلی کے بھائی آغا مسیح الدین نے حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
 

Advertisement