بھارت مقبوضہ وادی میں ابتر صورتحال کا ذمہ دار ہے: شاہ محمود قریشی

Last Updated On 12 March,2019 06:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے خطے میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اقدامات کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں ابتر صورتحال کا ذمہ دار ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے مواقع موجود ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہیں، جرمن ہم منصب سے ویزا سسٹم پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات ناگزیر ہیں، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کا اہم کردار ہے، افغان امن مذاکرات میں پیشرفت پر مطمئن ہیں۔

وزیر خارجہ سے جرمن ہم منصب کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو

وزیر خارجہ کا کہنا تھا جرمن ہم منصب کو پلوامہ واقعہ کی صورتحال سے آگاہ کیا، جرمن وزیر خارجہ سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی، دہشتگردی کے خلاف جنگ علاقائی اور عالمی مسئلہ ہے، دہشتگردوں نے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کر رہی ہے۔