'2 میئرز ہونگے تو سندھ کے 2 وزیراعلیٰ بھی ہونے چاہئیں'

Last Updated On 15 March,2019 03:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے 2 میئرز ہونگے تو سندھ کے 2 وزیراعلیٰ بھی ہونے چاہئیں، کراچی کو مزید تقسیم کرنے کی متعصبانہ سازش کی جا رہی ہے، شہری علاقوں میں جعلی ڈومیسائل پر لوگوں کو نوکریاں دی جا رہی ہیں، عوام کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور نہ کیا جائے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دو میئرز کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور نہ کیا جائے، شہر کی تقسیم کا صوبے کو اختیار ہے تو صوبوں کی تقسیم کا بھی وفاق کو اختیار ہونا چائیے۔

ایم کیو ایم رہنماوں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے لسانی بنیاد پر پہلے ملیر ضلع بنایا، اب کراچی کو مزید تقسیم کرنے کی متعصبانہ سازش کی جارہی ہے، وزیراعظم اقدامات کریں، اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے بجائے پیپلز پارٹی اختیارات پر قابض ہے، کراچی کو سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے۔
 

Advertisement