پنجاب حکومت کا حمزہ شہباز کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر تحفظات کا اظہار

Last Updated On 16 April,2019 06:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ وزیر قانون بشارت راجہ نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز پر مختلف مقدمات چل رہے ہیں، انہیں پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا مطلب ہوگا کہ انصاف کے تقاضے پورے نہ کیے جائیں۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں پنجاب کے وزیر قانون بشارت راجہ نے واضح طور پر کہہ دیا کہ حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کا چیئرمین بنانے بارے حکومت پنجاب کو تحفظات ہیں کیونکہ ان پر مختلف مقدمات چل رہے ہیں۔

بشارت راجہ نے کہا کہ اس وقت عہدہ دینے کا مطلب ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے نہ ہوں۔ اپوزیشن سے اس سلسلے میں مذاکرات چل رہے ہیں۔ امید ہے کہ کوئی حل نکل آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ مونس الہیٰ ن لیگ سے ملاقاتوں کی تردید کر چکے ہیں۔ چودھری پرویز الہیٰ نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور بیورکریسی کے تبادلے کا اختیار وزیراعلیٰ کو حاصل ہے، بیوروکریسی پاکستان کی ہے، کسی جماعت کی نہیں ہے۔