آصف زرداری کی فرنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر اقبال خان نوری گرفتار

Last Updated On 18 April,2019 12:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی مبینہ فرنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا۔

 نیب حکام نے پارتھینون نامی کمپنی کے ڈائریکٹر اقبال خان نوری کو ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پارتھینون کمپنی آصف علی زرداری کی پارک لین کمپنی کے لیے کام کرتی ہے، یہ کمپنی جعلی اکاؤئنٹس سکینڈل میں بھی ملوث ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق اقبال خان نوری نے نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب روپیہ قرض لیا اور غیر قانونی طریقے سے کمپنی کے لئے پیسوں میں اضافہ کیا۔ ملزم نے کرپشن کے ذریعے ساڑھے 3 ارب روپے اکٹھے کئے۔ عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے اقبال نوری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

وکیل صفائی نے کہا کہ نیب نے فون کال پر بلا کر ان کے موکل کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے کہا کہ وہ دل کا مریض ہے، اہلخانہ سے ملنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرلی۔