وزارت چھوڑی، تحریک انصاف کو خیرباد نہیں کہہ رہا: اسد عمر

Last Updated On 18 April,2019 04:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دیا ہے لیکن وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حصہ رہیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنی وزارت خزانہ سے استعفے کے اعلان کے بعد اہم پریس کانفرنس کرتے اسد عمر نے بتایا کہ وزارت چھوڑنے کی بات پہلی بار گزشتہ رات ہوئی، کابینہ میں دیگر تبدیلیوں کا اعلان آج یا کل ہو جائے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ جن کا کام ہے سازشیں وہ کرتے رہیں، میں معیشت میں حصہ ڈالنے آیا تھا، مجھے سازشوں جیسے معاملات میں نہیں پڑتا۔ جس وقت نوکری چھوڑی اس وقت پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل 40 سال سے وہی ہیں، وزیراعظم عمران خان ان میں بہتری کیلئے تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینن الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پہلے معاہدہ کچھ رکھا، اب کسی اور پر دستخط ہونے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ حسن اتفاق ہے کہ اسد عمر نے جس دن تحریک انصاف جوائن کی، اسی روز وزارت سے استعفیٰ دیا۔ اسد عمر نے 18 اپریل 2012ء کو عمران خان کے ساتھ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف جوائن کی تھی۔ اسد عمر نے تحریک انصاف کی حکومت میں وزارت خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ بھی اسی تاریخ کو دیا۔
 

Advertisement