وفاق کے بعد پنجاب کے وزرا کے بھی قلمدان تبدیل ہونے کا امکان

Last Updated On 19 April,2019 02:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے بعد پنجاب کابینہ میں تبدیلی کا امکان ہے، صوبے کے اعلیٰ عہدیداروں اور وزراء کو بھی اپنے عہدوں کی فکر پڑ گئی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئندہ آنیوالے روز میں وزیراعظم عمران خان بہتری کے لئے بڑے فیصلے کریں گے، پنجاب میں پہلے مرحلے میں بیوروکریسی کی تبدیلی سے ابتداء ہو چکی ہے، صوبائی وزراء کے قلمدان تبدیل ہونے کا بھی امکان ہے۔ مختلف اداروں نے صوبائی وزراء کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم آفس بھیجواء دی، وزیراعظم آئندہ چند روز میں پنجاب بارے کچھ اہم فیصلے کریں گے۔

 ادھر پنجاب کی بیوروکریسی میں بھی تبدیلی کا امکان ہے جس کی فہرستیں تیار کر لی گئیں، چیف سیکرٹری پنجاب، 4 سیکرٹریز، 3 کمشنرز، 11 ڈپٹی کمشنرز اور 31 اسسٹنٹ کمشنرز کی تبدیلی کا امکان ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کے لئے میجر (ر) اعظم سلیمان مضبوط امیدوار ہیں۔ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان اس وقت وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات ہیں۔ پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ کے لئے زاہد اختر زمان، شہریار سلطان، محمد عثمان کے نام زیر غور ہیں۔