عافیہ صدیقی سزا کیخلاف اپیل دائر کرنے پر آمادہ: وزیر خارجہ کا تحریری جواب

Last Updated On 08 May,2019 02:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ نے سینیٹ میں تحریری جواب میں کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے پر آمادہ ہوگئیں، وطن بھیجنے کیلئے امریکا سے درخواست کی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنے کیس سے متعلق مکمل باخبر ہیں، امریکی عدالتی نظام کے مطابق صرف عافیہ صدیقی ہی اپیل دائر کرسکتی ہیں، عافیہ کی واپسی کا معاملہ مسلسل امریکی حکام سے اٹھا رہے ہیں، ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل مسلسل ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا عافیہ صدیقی کی واپسی کے لیے امریکا کو درخواست کی ہے، امریکا کو بیرون ملک فوجداری سزاؤں کے کنونشن 1993 کے تحت درخواست دی، کنونشن 1993 کے تحت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 ادھر وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن ارکان سینیٹ سے واک آؤٹ کر گئے۔ سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کل بھی وزراء کی عدم موجودگی کے باعث ہنگامہ ہوا تھا، ہم آج پھر کوئی ہنگامہ نہیں کرنا چاہتے، وزراء وقفہ سوالات کے دوران موجود نہیں ہوتے، ہم اس ایوان کو راجواڑہ بننے نہیں دیں گے۔

Advertisement