'تحریک انصاف کو عوام نے کرپٹ عناصر کے احتساب کیلئے ووٹ دیا'

Last Updated On 14 May,2019 12:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو عوام نے کرپٹ عناصر کے احتساب اور تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔

ایوان وزیراعلی میں مختلف وفود سے گفتگو میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بعد ملک کو شفاف قیادت نہیں ملی، بدقسمتی سے 70 برس کے دوران ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران کرپشن، لوٹ مار اور بدانتظامی کا راج رہا، منصوبو ں کے نام پر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو بے دریغ ضائع کیا گیا، ماضی کی حکومتیں شفاف ہوتیں تو آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض نہ ہوتا، وزیراعظم عمران خان کی صورت میں شفاف قیادت ملی ہے، اب لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے، ہر سطح پر شفافیت کو فروغ دیا گیا ہے۔
 

Advertisement