’شہباز شریف فیملی کے چپڑاسی کے کھاتوں سے اربوں کی ٹرانزیکشنز‘

Last Updated On 17 May,2019 08:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے معاملے میں احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

نیب رپورٹ کے مطابق شریف فیملی کی کمپنی کے چپڑاسی کے اکاؤنٹس سے 3 ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ ملک مقصود احمد شریف فیملی کی ملکیت چنیوٹ انرجی آفس میں بطور چپڑاسی کام کرتا ہے جس کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے جمع کرائے گئے۔

حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بے نامی اکاؤنٹس میں رقم رکھتے جسے بوقتِ ضرورت کیش کرایا جاتا رہا۔ فرنٹ مین فضل داد عباسی نے بھی نیب کو موقف دیا ہے کہ چیف فنانشل آفیسر کے کہنے پر ڈیمانڈ ڈرافٹ سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے جاتے تھے۔

شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے خطیر رقم فضل داد عباسی کی معاونت سے بیرون ملک بھی بھجوائی۔ نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسرور انور نامی شخص نے شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں بھاری رقم منتقل کی۔
شہباز شریف فیملی کے 3 ارب 30 کروڑ روپے کے اثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ شریف خاندان کی جانب سے قرضوں اور ترسیلات کی دی گئیں تفصیلات بھی حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔