حکومت اپنی دشمن آپ، کسی کے گرانے سے پہلے ہی گرجائے گی: مریم نواز

Last Updated On 20 May,2019 02:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی پارٹی قیادت کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں جاری ہے جس کی صدارت شاہد خاقان عباسی اور راجہ ظفرالحق کر رہے ہیں۔ اجلاس میں شرکت سے قبل مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کو کسی دشمن یا اپوزیشن کی ضرورت نہیں، کسی کے گرانے سے پہلے خود ہی گر جائے گی.

مسلم لیگ ن کے اہم پارٹی اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں جاری ہے جس میں مریم نواز، حمزہ شہباز کے علاوہ سینئر پارٹی رہنما شریک ہیں جبکہ صوبائی صدور کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں حکومت مخالف احتجاج، معاشی صورتحال کے علاوہ موجودہ ملکی سیاسی معاملات پر مشاورت ہو گی۔

مریم نواز پارٹی قیادت کو گزشتہ روز چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں اپوزیشن رہنماوں سے ہونے والی ملاقات اور پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گی۔ قبل ازیں اجلاس میں شرکت کیلئے آمد کے موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی ملک چلے گا، وزیراعظم کے پاس اب جھوٹ کےعلاوہ بولنے کو کچھ نہیں، حکومت کوکسی دشمن کی ضرورت نہیں یہ اپنی خود دشمن ہے۔