وفاقی حکومت کا سندھ کے ہسپتالوں پر کنٹرول، بلاول کا شدید تحفظات کا اظہار

Last Updated On 23 May,2019 05:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین ہسپتالوں کا کنٹرول لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کرینگے.

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین ہسپتالوں کا نظم ونسق سنبھالنے کے نوٹیفیکشن پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت کا اقدام صوبائی خود مختاری پر حملے کے مترادف ہے، وفاقی حکومت عوامی غیظ وغضب سے قبل اپنا فیصلہ واپس لے، ہم ہر فورم پر وفاقی حکومت کے اس اقدام کی مزاحمت کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں حکومت سندھ کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ آنے تک کا انتظار بھی گوارا نہیں کیا۔ جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ پر سندھ کے عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت ملنے والے مذکورہ ہسپتالوں میں حکومت سندھ نے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ این آئی سی وی ڈی کا دیگر شہروں میں قیام حکومتِ سندھ کا قابل تحسین اقدام ہے۔ این سی آئی وی ڈی میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کے علاج کے اخراجات سندھ حکومت نے اُٹھا رکھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔