بلاول کی پیشی: 2 خواتین ارکان قومی اسمبلی سمیت کئی جیالے گرفتار

Last Updated On 29 May,2019 12:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں بلاول بھٹو کی پیشی کے موقع پر پولیس نے جیالوں کو دھو ڈالا، پولیس نے 2 خواتین ارکان قومی اسمبلی سمیت 40 سے زائد جیالوں کو گرفتار کر لیا۔

 جیالے اپنے رہنما بلاول بھٹو سے یکجہتی کیلئے پہنچے تو انہیں ایوب چوک پر روک دیا گیا جہاں پر پولیس اور پی پی کارکنوں کے درمیان گھمسان کا رن پڑا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پانی کی توپ چلا دی، کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا، لاٹھیاں بھی برسائی گئیں۔

 پولیس اور پی پی کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، جھڑپوں کے دوران پولیس والے پیچھے پیچھے اور کارکنان آگے آگے دوڑتے رہے۔ پولیس نے ڈی چوک، ایوب چوک اور ایکسپریس چوک سے 40 سے زائد کارکنوں کو کو گرفتار کیا جس میں دو خواتین اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔ آئی جی اسلام آباد کی جانب سے کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا۔

 

Advertisement