زرداری اور بلاول کی پیشی، نیب نے پولیس اور انتظامیہ سے مدد مانگ لی

Last Updated On 28 May,2019 10:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں مورخہ 29 مئی کو طلب کر رکھا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری پارک لین کمپنی جبکہ آصف علی زرداری سندھ حکومت کے غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس میں نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی قیادت نے کارکنوں کو صبح سویرے زرداری ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کو جاری سمن میں کہا گیا ہے کہ پارک لین کمپنی کی انکوائری میں صبح گیارہ بجے نیب راولپنڈی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرائیں۔

آصف علی زرداری کو نوٹس میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کے دیے گئے غیر قانونی ٹھیکوں میں خورد برد کی گئی اور اس سے آپ کے اور اہلخانہ کے ائیر ٹکٹس، نجی طیاروں کے اخراجات اور نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات چلائے گئے۔ نیب تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہو کر جواب دیں۔
 

Advertisement