باجی فردوس، شہباز شریف کا 8 جون کو ائیرپورٹ پر استقبال کریں گی:رانا ثنا

Last Updated On 05 June,2019 12:47 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باجی عاشق فردوس اعوان کو میاں شہباز شریف کی بہت یاد آرہی ہے۔ میاں شہباز آٹھ جون کو پاکستان آرہے ہیں اور امید ہے کہ فردوس عاشق اعوان ائیر پورٹ پر شہباز شریف کا خود استقبال کریں گی۔

رانا ثناءاللہ کا مزید یہ کہنا تھا کہ نالائقوں کا ٹولا اکٹھا ہو کر ملک کو تباہ کررہا ہے اور ملک کو تباہی اور ان نالائقوں سے آزادی دلانے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہورہی ہیں۔ عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کا لائحہ عمل بھی باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پہلے نیب نے حراست میں لیا لیکن کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ قانون کے مطابق اب نیب دوبارہ سے شہباز شریف کو حراست میں نہیں لے سکتا۔ چئیرمین نیب کو سکینڈل کی پارلیمانی انکوائری کرکے حقائق سامنے لانے چاہئیں۔ ہم چئیرمین نیب کو سیٹ سے ہٹانے کے حق میں نہیں لیکن انکوائری میرٹ پر کروانے کے خواہاں ہیں۔
 

Advertisement