کراچی میں عدالتی احکامات کے باوجود غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری

Last Updated On 06 June,2019 12:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کراچی میں عیدی مشن پرلگ گئے، لاکھوں روپے مبینہ رشوت کےعوض گلبرگ اور لیاقت آباد ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں پورشن مافیا کو غیر قانونی تعمیرات کی کھلی چھوٹ دے دی۔

عزیز آباد بلاک دو اور آٹھ میں عدالتی احکامات اور بلڈنگ قوانین کے برخلاف دھڑلے سے غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں، 120 کے پلاٹ پر تیسرا اور چوتھا فلور بنا کرغیرقانونی رہائشی پورشن فروخت کئے جا رہے ہیں۔ حسین آباد کے علاقہ میں پانچویں منزل تک پورشنز بنائے جا رہے ہیں۔

لیاقت آباد ٹاون میں بھی عیدی مہم عروج پر ہے، ناظم آباد دو نمبر سمیت دیگر علاقوں میں بھی دھڑا دھڑ غیر قانونی تعمیرات کی جاری ہیں۔ جس سے پانی، سیوریج، بجلی، پارکنگ اور کچرے کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ شہریوں کی شکایات ردی کی ٹوکری میں ڈال دی گئی ہیں۔

ایس بی سی اے افسران غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی باتیں تو کرتے ہیں مگر لاکھوں روپے مبینہ رشوت وصولی کے باعث کارروائی سے گریزاں ہیں۔ معاملے پر بات کرنا چاہی تو ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائم خانی نے موقف دینے سے انکار کر دیا اور بولے متعلقہ ڈائریکٹر ہی جواب دے سکتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہی حال رہا تو بلدیاتی مسائل سے الجھتے کراچی کا حال بد سے بدتر ہوجائے گا۔
 

Advertisement