حکومتی اتحادی بھی سرگرم، وزیراعظم کو مسائل سے آگاہ کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 12 June,2019 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور بلوچستان عوامی پارٹی نے مشترکہ طور پر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کر لیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چودھری شجاعت حسین کی اسلام آباد رہائشگاہ پر چار اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی مشاورتی بیٹھک ہوئی جس میں مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی اور جی ڈی اے کی پارلیمانی لیڈرشپ شریک ہوئی۔

چاروں جماعتوں کے تقریباً 20 رہنما، پارلیمانی لیڈر اور ارکان پارلیمنٹ اجلاس میں شریک ہوئے اور وزیراعظم عمران خان سے مشترکہ ملاقات کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق چاروں جماعتوں کی قیادت وزیراعظم سے ملاقات میں انھیں حکومتی سطح پر مسائل، اپنے صوبوں میں پائی جانے والی صورتحال اور دیگر امور پر بھی آگاہ کریں گے۔

چاروں اتحادیوں کا کہنا تھا کہ آج کی بیٹھک کا مقصد حکومت کےخلاف کوئی محاذ بنانا نہیں ہے۔ چاروں جماعتوں کا پہلا مشترکہ اجلاس ہوا، آئندہ بھی مل کر حکمت عملی طے کی جائے گی۔
 

Advertisement