'خود کو بھٹو کا جانشین کہنے والے بچوں کی طرح آنسو بہا رہے تھے'

Last Updated On 22 June,2019 01:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خود کو بھٹو کا جانشین کہنے والے بچوں کی طرح آنسو بہا رہے تھے، یہ سندھ کے غریبوں، بچوں کے خون کے آنسوؤں کا حساب کب دیں گے ؟۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی سائٹ پر بلاول بھٹو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپنی تازہ ترین ٹوئٹس میں کہا ہے کہ لاڑکانہ کے ایڈز میں مبتلا بچوں کی سسکیاں آپ کو سنائی کیوں نہیں دیتیں ؟ سندھ کو موہنجو دڑو اور کھنڈرات میں تبدیل کرنے والوں کو عوام نے مسترد کیا، سپریم کورٹ کے جج کے ریمارکس سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا بلاول صاحب !عمران خان پر سیخ پانہ ہوں، آپ کے والد پر مقدمات انہوں نے بنائے جن کے گھر جا کر آپ ضیافتیں اڑاتے ہیں، عمران خان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ قانون کے یکساں اطلاق اور عملداری کو یقینی بنا رہے ہیں، آپ کی دھمکیاں اور غصہ ثابت کرتا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ جیت رہا ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے اپنی ٹوئٹس میں بلاول بھٹو کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ سندھ میں اپنی حکومت کی کارکردگی پر توجہ دیں، کرپشن سے ناطہ توڑیں ورنہ سندھ تک محدود جماعت کو چند اضلاع میں بھی کوئی نہیں پوچھے گا۔