مولانا فضل الرحمن اقتدار سے باہر مچھلی کی طرح‌ تڑپ رہے ہیں: فردوس عاشق

Last Updated On 25 June,2019 02:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 2 کروڑ بچوں کا سکولوں سے باہر ہونا بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم بنیادی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان میں دو نہیں ایک نظام تعلیم چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کو پتہ ہے اب ان کا چورن نہیں‌ بکنا، مولانا فضل الرحمن اقتدار سے باہر مچھلی کی طرح‌ تڑپ رہے ہیں.

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہمیں روایتی تعلیم سے نکل کر ٹیکنالوجی کی طرف جانا ہے، روایتی تعلیم فیل ہو چکی ہے، نجی شراکت داری سےملک میں شرح خواندگی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، دیہی علاقوں میں حکومت کو زیادہ چیلنج درپیش ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے تعلیم کو اولین ایجنڈا بنایا ہے، پاکستان میں دو نہیں ایک نظام تعلیم چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان یکساں نصاب اور نظام تعلیم کیلئے کوشاں ہیں۔ ان کی تجویزہے کہ نجی وسرکاری تعاون سے تعلیمی سہولتیں دی جائیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ فوج نےبجٹ میں قربانی دی ہےاس پرخراج تحسین پیش کرتےہیں، مولانا فضل الرحمن کو ہد ف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ اقتدار سے باہر اور مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں، اپوزیشن کو پتہ ہے کہ اب ان کا چورن نہیں بکے گا۔