وزیراعلیٰ پنجاب کا سابق دور میں فنڈز کے اجرا کی تحقیقات کا حکم

Last Updated On 26 June,2019 09:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق دور میں اربوں روپے کے فنڈز کے اجرا اور خرچ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور ڈویژن کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے سابق دور میں لاہور کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کے اجرا اور خرچ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سابق دور میں اربوں روپے کے فنڈز اور ان کے استعمال کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہوگی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

انہوں نے لاہور سے مریدکے اور نارنگ منڈی تک ایل ٹی سی کی بسوں کو دوبارہ چلانے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ مریدکے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جائے گا۔
 

Advertisement