ڈالر کی بڑھتی قیمت اور مہنگائی، وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا

Last Updated On 27 June,2019 10:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ڈالر کی بڑھتی قیمت اور مہنگائی میں اضافہ کا نوٹس لے لیا ہے۔

وزیراعظم نے گورنر سٹیٹ کو ہدایت کی کہ ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات سے آگاہ رکھا جائے۔ فیلڈ افسران ہول سیل مارکیٹوں کا دورہ کریں اور قیمتوں کے مناسب تعین کو یقینی بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق دو دن میں گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کی وزیراعظم عمران خان سے دوسری اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں گورنر سٹیٹ بینک نے وزیراعظم کو ملک کی مالیاتی صورتحال اور ڈالر کی قدر میں اضافے سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے گورنر سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

دوسری جانب عمران خان نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کارروائی کی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ افسران ہول سیل مارکیٹوں کا دورہ کریں اور قیمتوں کے مناسب تعین کو یقینی بنائیں۔

چیف کمشنز اسلام آباد اور صوبائی چیف سیکرٹریز مہنگائی پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور قانون شکنی کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ احکامات پر عمل درآمد سے متعلق پیشرفت رپورٹ سات روز میں پیش کی جائے۔

Advertisement