پنجاب حکومت کا مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

Last Updated On 28 June,2019 01:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کابینہ سب کمیٹی پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کر دیں۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارراوئی کی جائے،۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا اشیائے خوردو نوش کی طے شدہ قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اتوار بازاروں میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے، مصنوعی مہنگائی کے ذ ریعے عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، انتظامی افسران فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا عوام کو کسی بھی صورت منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔
 

Advertisement