رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، وزیراعظم

Last Updated On 02 July,2019 10:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ن لیگی رکن اسمبلی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، ان کی گرفتاری سیاسی نہیں بلکہ قانونی معاملہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت بے نامی جائیدادوں کی ضبطگی کل رات 12 کے بعد سے شروع ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کا نیا ماسٹر پلان ایک ماہ میں بنانے کی ہدایت کی جبکہ سی ڈی اے کی کارکردگی پر حکام کی سرزنش بھی کی اور کہا کہ کیا دنیا میں ایسا کوئی ادارہ ہے جو زمینیں بیچ کر عملے کو تنخواہیں ادا کرے؟

وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ ملکی ہوائی اڈوں پر جنگی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ائیرپورٹس پر تارکین وطن کیساتھ عزت واحترام سے پیش آیا جائے۔ ائیر پورٹ پر متعین عملے کے رویے میں تبدیلی لائی جائے، ، اس پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

عمران خان نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، ان کی گرفتاری سیاسی نہیں بلکہ قانونی معاملہ ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔


دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے کلین انرجی سے متعلق امریکی ادارہ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد ارباب، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم، معاون خصوصی ندیم بابر و دیگر شریک تھے۔

ملاقات کے دوران امریکی ماہرین نے ماحول دوست پالیسیوں اور قوانین مرتب کرنے کے ضمن میں اپنی تکنیکی خدمات کی پیشکش کی جبکہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں گرین بلڈنگ قواعد بنانے میں امریکی ماہرین کی تکینکی معاونت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان عمارات کو ماحول دوست اور توانائی کا بہتر استعمال یقینی بنایا جائے، شفاف توانائی کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سےماحول پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، ماحول کا تحفظ اور قدرتی وسائل کا صحیح استعمال یقینی بنانے میں مدد بھی ملے گی۔
 

Advertisement