جج مبینہ ویڈیو سکینڈل، میاں طارق 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

Last Updated On 22 July,2019 02:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جج ارشد ملک کو بلیک میل کرنے والے میاں طارق کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا، عدالت نے ایف آئی اے کی پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جیل میں طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

جج ویڈیو سکینڈل کیس کے ملزم میاں طارق کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جج شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا، ایف آئی اے نے ملزم کے مزید پانچ روز کے ریمانڈ کی استدعا کی جس پر فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ ایف آئی آر کیا بلیک میلنگ کی ہے، عدالت نے ملزم سے ریکوری سے متعلق استفسار کیا تو تفتیشی افسر نے بتایا کہ دو موبائل اور ایک یوایس بی ریکارڈ کے مطابق ریکور ہوئی، میاں طارق کے گھر سے ٹیوٹا لینڈ کروزر ریکور ہوئے جس پر ملزم نے گاڑی سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے جو ریکوری ہونی تھی کرلی گئی۔ عدالت نے میاں طارق سے متعلق ریمارکس دئیے کہ انہیں جیل بھجوا دیں، جس پر ملزم نے کہا کہ اسے برین ٹیومر ہے، عدالت نے جج ویڈیو سکینڈل کیس میں ملزم میاں طارق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے دوران عدالت نے ملزم کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

 

Advertisement