پاک فوج کے اہلکاروں کی شہادت پر سیاسی قیادت متحد، حملے کی شدید مذمت

Last Updated On 28 July,2019 03:15 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں پاک فوج پر حملوں کے دوران 10 اہلکاروں کی شہادت کے بعد ملکی سیاسی قیادت متحد ہو گئی ہے اور اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

کچھ قوتیں نہیں چاہتی امن اور استحکام ہو: شاہ محمود قریشی

پاک فوج پر حملوں کے رد عمل پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتی امن اور استحکام ہو۔ دہشتگردوں کی آج کی کارروائی بزدلانہ اور امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہو سکتا ہے ہم کر رہے ہیں، ہم امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جو قوتیں امن استحکام نہیں چاہتی ہیں وہ نہ پاکستان کی اور نہ ہی افغانستان کی خیر خواہ ہیں۔

حملے میں شہید افسر و جوانوں کے لیے دعا گو ہیں: وزیر داخلہ

وزیرداخلہ اعجازاحمد شاہ نے پاک فوج پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں شہید افسر و جوانوں کے لیے دعا گو ہیں اور شہید افسر اور جوانوں کے ورثا کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں، ایسی کاروائیوں میں ملوث دہشتگرد ملک دشمن ہیں، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
 

شہید اہلکار قوم کے اصل ہیرو ہیں : بلاول بھٹو زرداری

اُدھر پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں کی فائرنگ میں جوانوں کی شہادت پر افسوس ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید اہلکار قوم کے اصل ہیرو ہیں، اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

دھرتی ماں پر جانیں قربان کرنے والے قوم کی آنکھوں کا نور ہیں: آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس ہے، نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو دہشت گردی کی نرسریاں ختم ہو جاتیں، دھرتی ماں پر جانیں قربان کرنے والے قوم کی آنکھوں کا نور ہیں، انہوں نے شہیدوں کے والدین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ صدمے کی المناک گھڑی میں پیپلز پارٹی شہیدوں کے وارثوں کے دکھ میں شریک ہے۔
 

دنیا کیساتھ ہمارے تعلقات ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہے: فواد چودھری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہے، ہم نے بڑے بڑے چیلنجز پر قابو پایا ہے، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک ایک قطرے کا حساب ہو گا، دہشت گردوں کی کارروائی ان کی مایوسی کا اعکاس ہے،

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جنوبی وزیر ستان اور فاٹا میں بھی کارروائیاں کی ہیں، ہم نے پاکستان میں دہشت گردی کو شکست دی ہے، ہم دنیا میں ایک طاقت ور ملک بن کر ابھرے ہیں اور ہمارا موقف دنیا سراہ رہی ہے۔
 

مادر وطن پر قربان ہونیوالوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے بھی شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے علاقے ہوشاب و تربت میں دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مادر وطن پر قربان ہونے والوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں کا حملہ افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔

مسلح افواج نے مادر وطن کے تحفظ کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں: شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے پاک فوج کی بارڈر پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں کی حملے کی مذمت کی ہے۔ ۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان علاقے میں دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں سے روکے اور ان کا قلع قمع کرے، اللہ تعالی شہداء کی درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

سرحد پار سے دہشتگردوں کا حملہ تشویشناک ہے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

اُدھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سرحد پار سے دہشتگردوں کا حملہ تشویشناک ہے، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، ملک دشمن عناصرمذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، قوم کے حوصلے بلند ہیں، دہشتگردی کا صفایا ہو کر رہے گا۔

قربانیاں رنگ لائینگی اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا: سراج الحق

جماعت اسلامی کے امیر اور سینیٹر سراج الحق نے بھی حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، ملک کے لیے شہید ہوانے والوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔

امن کی خواہش ہی ہماری طاقت ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاک فوج پر حملے کی مذمت کرتی ہوں۔ امن کی خواہش ہی ہماری طاقت ہے۔ اعوان پاک فوج کے جوان بہادری کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ امن مخالف قوتیں خطے میں امن قائم ہوتا دیکھ نہیں سکتیں۔ پاک فوج میں ہر طرح کا دفاع کرنے کی صلاحیت ہے۔ افغانستان کو اپنے گھر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ہماری امن کی کوششیں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی امریکا میں مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی، وزیراعظم کی امن کی کوششیں دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی، ہماری ملٹری کو جو عزت دی گئی 21 توپوں کی سلامی دی گئی اس کی مثال پہلے نہیں ملتی، پاک فوج سیسہ پلائی دیوار بن کر ملک کی حفاظت کر رہی ہے، یہ وزیراعظم کے کامیاب دورے سے توجہ ہٹانے کے لئے وار کیا گیا ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغان حکومت کو اقدامات کرنا ہونگے: چیئر مین سینیٹ

اُدھر چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے شمالی وزیر ستان کے علاقے میں سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر اور جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے- اس مذموم دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں-

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افغان حکومت کو موثر اقدامات کرنا ہونگے۔ دشمن کی کاروائی بزدلانہ اقدام ہے، شر پسند عناصر پاکستان میں قیام امن کے دشمن ہیں، دہشت گرد مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ قوم دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہے، بحیثیت قوم شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالی شہداء کو بلند ترین مرتبہ عطا فرمائے۔

فوج پر دہشت گردوں کا حملہ افسوس ناک ہے: سلیم مانڈی والا

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ فوج پر دہشت گردوں کا حملہ افسوس ناک ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، فوج دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

 

Advertisement