وطن کیلئے جان نثار کرنیوالے بہادر سپوت آبائی علاقوں میں سپرد خاک

Last Updated On 29 July,2019 12:50 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) دہشتگردوں سے مقابلے میں جان نثار کرنے والے بہادر سپوتوں کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ والدین نے بیٹوں کی دھرتی ماں کیلئے جان کی نذرانے پر فخر کا اظہار کیا۔

شہید کیپٹن عاقب جاوید کی نماز جنازہ سرگودھا کے علاقے بھیرہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں عسکری اور سول افسران کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کیپٹن عاقب جاوید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ جوانوں نے شہید کو سلامی دی اور پاک فوج کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

مادر وطن پر جان نچھاور کرنےوالے جوان بابر مرزا کو پنڈ دادنخان کے علاقے لنگر اور سپاہی حفیظ اللہ کو مستونگ کے قریب ان کے آبائی گاؤں کردگاپ میں سپرد خاک کیا گیا۔ نمازجنازہ میں افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شہدا کو سلامی بھی پیش کی گئی۔

شہید فوجی جوان محمد بچل کی نماز جنازہ کندھ کوٹ میں ادا کی گئی۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید نادر حسین کو صوابی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

پاکستان کے بہادر سپوت شہید حوالدار خالد محمود کو فوجی اعزاز کیساتھ ان کے آباٸی چک 48 فتح چشتیاں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ شہید حوالدار نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشگردوں سے مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔