فواد چودھری کا بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ

Last Updated On 07 August,2019 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا ہمیں بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے چاہئیں۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اپنی سیاست کے پیچھے لاشوں کی بے حرمتی نہیں ہونی چاہیئے، جب بھارت ہم سے بات کرنے کو ہی تیار نہیں تو ہمارا سفیر وہاں کیا کر رہا ہے ؟ یہ تاثر نہ جائے کہ ہم لڑنے سے بھاگ رہے ہیں، لڑائی ہوئی تو قوم کا بچہ بچہ فوج کے شانہ بشانہ لڑے گا، وزیراعظم نے پوچھا تھا بتائیں کیا کروں تو بلاول کو کھڑے ہو جانا چاہیے تھا، بلاول کو کہنا چاہیے تھا قدم بڑھاؤ عمران خان ہم تمہارے ساتھ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کشمیر کا مسئلہ حل کرائے، کشمیر ایک عالمی تنازع ہے، کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنا غیر قانونی اقدام ہے، بھارت نے عالمی سطح پر جنگی جرم کیا ہے، بھارت نے غلط اقدامات سے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی دھجیاں اڑائیں، بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، بھارت نے ایل او سی پر کلسٹر بم استعمال کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کی، صدر سلامتی کونسل اور یو این سیکرٹری جنرل کو بھی خط لکھا گیا، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کیلئے بھی کوشش کی جا رہی ہے، اسرائیل نے جو فلسطین میں کیا وہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے، خطے میں امن کیسے آئے گا جب بھارت جنگ کی تیاری کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا ارادہ رکھتا ہے۔
 

Advertisement