بھارت نے اپنا آئین توڑ کر اٹوٹ انگ کو ریزہ ریزہ کر دیا: مشاہد اللہ

Last Updated On 07 August,2019 03:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیگی رہنما مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنا آئین توڑ کر اٹوٹ انگ کو ریزہ ریزہ کر دیا، بھارت نےاٹوٹ انگ میں 7 لاکھ فوج رکھی ہوئی ہے۔

لیگی رہنما مشاہد اللہ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا حریت رہنما یا تو تہاڑ جیل میں ہیں یا نظر بند، کشمیر میں پیلٹ گنز کا استعمال ہوا، خواتیں کی عصمتین لوٹی گئیں، بھارت میں بھی علیحدگی کی بہت ساری تحاریک چل رہی ہیں، ہمیں اپنی پالیسی میں بھی تبدیلی کرنی پڑے گی۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما راجا ظفر الحق نے ایوان سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، انٹرویو میں ایک سیاستدان نے کہا کشمیر کے 3 حصے ہونے چاہئیں، بھارت نے بالکل ویسے ہی حصے کیے ہیں، ایوان میں کہا گیا کہ معاملے کو سنجیدہ لیں تو کہا گیا کہ کیا حملہ کر دوں، آرٹیکل 370 کا خاتمہ بی جے پی کا منشور تھا، پاکستان کو بھی اپنے فرائض پورے کرنے چاہیے تھے، اپوزیشن کو نیچا دکھانے کیلئے تمام انرجی استعمال کی جا رہی ہے۔

راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا پہلے ہی دیکھ لینا چاہیے تھا کہ مودی جو کچھ کر رہا ہے اس کے نتائج کیا ہونگے، ٹرمپ سے ملاقات کا کیا نتیجہ نکلا، وزیراعظم کا ملائیشین وزیراعظم اور ترک صدر کو فون کافی نہیں۔
 

Advertisement