کشمیریوں کا ساتھ نہ دینے والا غدار کہلائے گا: شیخ رشید

Last Updated On 09 August,2019 03:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا ساتھ نہ دینے والا غدار کہلائے گا، عید کے بعد آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا، بھارت کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا کہ بھارت نے شملہ معاہدہ اوراقوام متحدہ کی قرارداد کو دفن کیا ہے، بھارتی شہریوں کی حفاظت کا ذمہ نہیں لینا چاہتے، سمجھوتہ ایکسپریس کے بعد آج سے تھر ایکسپریس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 200 بھارتی مسافروں کوجلد رخصت کر دیں گے، اب بھارتی اسٹیشن مونا باؤ کو خدا حافظ کہہ دیا۔

مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جنگ قوموں کو پیچھے لے جاتی ہیں، بھارت سے جنگ نہیں چاہتے تاہم جو شخص کشمیریوں کی جدوجہد کیساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا وہ غدارہے۔ شیخ رشید نے فواد چوہدری کے بیان پر کہا کہ دوسری وزارتوں میں منہ مارنا فواد چوہدری کی عادت ہے انہیں سنجیدہ لینے کی ضرورت نہیں، بیان پر وزیراعظم سے بات کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایل ون کیلئے 1800 کلومیٹر کا نیا ٹریک بنا رہے ہیں جس پر ٹرین کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، ایل ایل ون کے ذریعے کراچی سے لاہور کا سفر 7 گھنٹے پر محیط ہوگا۔

 

Advertisement