مودی سرکار کے اقدامات غیر آئینی اور غیر جمہوری ہیں: یوسف رضا گیلانی

Last Updated On 12 August,2019 01:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ زیادتی کی ہم مذمت کرتے ہیں، مودی سرکار کے اقدامات غیر آئینی و غیر جمہوری ہیں۔ احتساب سے انتقام کی بو نہیں آنی چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے نماز عید ادائیگی سے قبل ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں لوگوں کا راشن بند ہو چکا۔ آج بلاول بھٹو بھی کشمیر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے ہمیں سپورٹ کیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انڈیا کے لوگ بھی مودی سرکار کی مذمت کر رہے ہیں، زرداری صاحب نے کہا کہ میں ہوتا تو چین جاتا۔ میں وزیراعظم تھا تمام ایشوز پر کھل کر بات کرتا تھا۔ کشمیر کے معاملے پر پرانے ساتھیوں کے پہلے رابطہ کرنا چاہیے۔

فریال تالپور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں احتساب ہونا چاہیے۔ چھٹی والے دن فریال تالپور کو جیل بھیجنا مناسب نہیں۔ احتساب سے انتقام کی بو نہیں آنی چاہیے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بارے سوال پر انکا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ جنھوں نے کیا ان سے پوچھیں۔