عمران خان کو سعودی ولی عہد کا فون، کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Last Updated On 20 August,2019 03:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ وادی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس سے قبل امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر کشیدگی میں کمی کریں۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق پیر کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے تجارت میں اضافے کے ذریعے باہمی معاشی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے ٹرمپ سے کہا کہ دونوں ممالک کے وفود جلد تجارتی معاملات پر مذاکرات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے خطے کی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
 

Advertisement