بھارت کی آبی جارحیت: دریائے ستلج میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی

Last Updated On 21 August,2019 12:42 pm

قصور: (دنیا نیوز) بھارت کی آبی جارحیت جاری ہے، قصور میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی، پانی ڈیڈ لیول سے صرف دو فٹ کی دوری پر رہ گیا، گنڈا سنگھ کے مقام پر بہاؤ 70 ہزار کیوسک ہے۔

قصور میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح گنڈا سنگھ کے مقام پر 70 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی۔ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے باعث قریبی بستیاں زیر آب آگئیں جس سے فصلوں کو نقصان پہنچا، مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ڈیڑھ لاکھ کیوسک کا ریلا آج گنڈا سنگھ والا ہیڈ ورکس سے گزرے گا۔ سیلابی ریلا 23 اگست کو سلیمانکی ہیڈ ورکس پر پہنچے گا۔ خراب صورتحال کے پیش نظر لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ دریائے راوی میں سیلابی صورتحال ہے، پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے سید والہ راوی پل ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ بہاولنگر کے قریب ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جہاں پانی کی آمد 30 ہزار 993، اخراج 18880 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں 15 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے۔ راجن پور میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے کوٹ مٹھن میں کئی دیہات ڈوب گئے، فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ دادو میں سیلابی ریلا تحصیل میہڑ میں داخل ہوگیا جس سے پورا گاؤں تباہ ہوگیا، لوگوں کے مکان گر گئے، 5 ہزار خاندان بے گھر ہوگئے۔
 

Advertisement