پی آئی اے انتظامیہ کا جعلی اسناد والے ملازمین کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد فارغ

Last Updated On 27 August,2019 06:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ائیرلائن انتظامیہ نے ادارے میں جعلی تعلیمی اسناد کے ذریعے نوکریاں حاصل کرنے والے ملازمین کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کو فارغ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری حاصل کرنے والے اور ایئر لائن قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جعلی تعلیمی اسناد اور غیر قانونی چھٹیاں کرنے والے فضائی میزبانوں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں شعبہ فلائٹ سروسز سے تین ایئر ہوسٹسز اور د سٹیورڈز کو فراغت کے پروانے جاری کر دیے گئے ہیں۔

ایئرہوسٹس صدف نواز، ارم قادر اور شہاب تنویر کو ایئرلائن قوانین کے برخلاف لمبی رخصت کی وجہ سے ملازمتوں سے برطرف کیا گیا۔

اس کے علاوہ ایئرہوسٹس تھریسا کارڈوزا کو بی اے کی جعلی ڈگری جمع کروانے پر نوکری سے برطرف کیا گیا۔

پی آئی اے انتظامیہ نے سروس ڈسپلن ریگولیشن 1985ء کے تحت ایئرہوسٹس اور فلائٹ سٹیورڈ ز کو برطرف کیا۔ برطرف ملازمین کو ایئرلائن قوانین کے تحت پہلے شوکاز لیٹرز بھی جاری کئے گئے جن کا جواب داخل نہ کروایا گیا۔
 

Advertisement