جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، پاکستان کا بھارت سے احتجاج

Last Updated On 28 August,2019 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے انھیں احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ایل او سی نکرن سیکٹر میں 27 اگست کو بھارتی افواج نے بلا اشتعال فائرنگ کیجس سے 3 سالہ بچی سمیت 2 شہری شہید اور 3 زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ چری کوٹ سیکٹر میں 4 سالہ بچہ بھی بھارتی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قابض افواج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن واستحکام کیلئے خطرہ ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو کنٹرول لائن کے دورے کی اجازت دے۔
 

Advertisement