برطانوی شہزادہ ولیم اورکیٹ میڈلٹن کا دورہ پاکستان، تیاریاں مکمل

Last Updated On 20 September,2019 08:43 pm

لندن: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

برطانوی شاہی جوڑا آئندہ ماہ 14 سے 18 اکتوبر کے درمیان پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دورے سے پہلے شاہی جوڑا 2 اکتوبر کو آغا خان سینٹر کی تقریب میں شرکت کرے گا۔

برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کیلئے تیاریوں کو آخری شکل دیدی گئی ہے۔ برطانوی وزارت خارجہ نے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے دورہ پاکستان کے بارے میں اہم انتظامات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں معزز مہمانوں کو صدر اور وزیراعظم کے یکساں پروٹوکول دیا جائیگا اور سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔

برطانوی جوڑا اپنے دورے کے دوران پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دوسری اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔

برطانوی شاہی محل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہی جوڑا اگلے ماہ چودہ سے اٹھارہ اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کرے گا۔ اس بات کا اعلان کینسینگٹن پیلس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کیا۔

شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ اس سے قبل ملکہ برطانیہ 1997ء میں جبکہ شہزادہ چارلس اورکامیلا 2006ء میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ شہزادے ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا بھی متعدد بار پاکستان آ چکی ہیں۔ اُدھر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے انتہائی گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ائندہ ماہ برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔