عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرائے: بلاول

Last Updated On 22 September,2019 10:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی امن کے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے کے آگے رکاوٹ ہیں، عالمی برادی مسئلہ کو منہ پھیرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لئے سفارتکاری اور ڈائیلاگ پر انحصار کو بڑھانا اور بقائے باہمی کو فروغ دینا ہوگا۔

امن کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو میدان جنگ و جدل بنانے کے متحمل نہیں ہو سکتے، پاکستانی قوم دنیا میں امن و آشتی کی علمبردار ہے، کل آنے والی نسلوں کو پائیدار امن دینے کی خاطر آج ہمیں سکولوں پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ لگانا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کو سب کے لیے ایک جیسا مسکن بنانے کی خاطر ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار نبھانا ہو گا، ہمیں گھروں میں بچوں کو صبر اور دوسروں کا احترام کرنا سکھانا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے محلے، گلی کوچوں میں رواداری اور بین المذاہب و بین السانی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا، ملکی سطح پر جمہوریت کو تقویت اور سیاسی استحکام کو یقینی بنانا ہوگا۔ عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لئے سفارتکاری اور ڈائیلاگ پر انحصار کو بڑھانا اور بقائے باہمی کو فروغ دینا ہوگا۔
 

Advertisement