وزیر اعظم عمران خان کی ترک اور ایرانی صدر سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر گفتگو

Last Updated On 24 September,2019 09:23 am

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ ترک اور ایرانی صدور کے علاوہ برطانوی، چینی، سوئس اور اطالوی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر اعظم کی نیویارک میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا علاقائی اور عالمی معاملات میں دونوں ممالک یکساں موقف رکھتے ہیں۔

 ایران کے صدرحسن روحانی سے ملاقات میں علاقائی صورتحال اور مسئلہ کشمیر پربات چیت کی گئی۔ صدر حسن روحانی نے خود پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ عمران خان کی برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے بھی بیٹھک ہوئی، وزیراعظم نے برطانوی وزیر اعظم کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ سے ملاقات میں کشمیر اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا پاکستان سی پیک کو نہایت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات بتدریج مستحکم ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے صدر سوئس فیڈریشن سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہاعلاقائی امن و سلامتی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، دونوں رہنماؤں نے سیاست، تجارت، معیشت و دیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور صدر عالمی بینک ڈیوڈ مال پاس کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی۔
 

Advertisement