آرمی چیف سے امریکی سینیٹرز کی ملاقات، مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر گفتگو

Last Updated On 07 October,2019 10:06 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی سینیٹرز نے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے امریکی سینیٹرز کرسٹو فروین اور میگی حسن نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور خطے کی مجموعی سییکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت اور تعاون پر امریکا کے شکر گزار ہیں۔

آرمی چیف نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر بھی اظہار تشکر کیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاک امریکا مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

دوسری طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورے کے دوران چین کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

 

آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف پیپلز لبریشن آرمی کمانڈر، سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئر مین ، کمانڈر جنوبی تھیٹر کمانڈ سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم عمران خان کی چینی وزیراعظم اور چینی صدر شی جنگ پنگ کے ساتھ ملاقاتوں میں شریک ہونگے۔

 

Advertisement