وزیراعظم بیرون ملک پاکستان کی بدنامی کر رہے ہیں، احسن اقبال

Last Updated On 09 October,2019 05:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی سربراہ بیرون ملک جا کر یہ نہیں کہتا ہمارا ملک کرپٹ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ )ن( کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا لیگی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم بیرون ملک جا کر پاکستان کہ بدنامی سے باز نہیں آ رہے، اجلاس میں اس کی مذمت کی گئی کرپشن کی رینکنگ میں پاکستان مزید نیچے چلا گیا ہے۔ پاکستان سے مزید کرپٹ ممالک کے سربراہان بیرون ممالک میں جا کر اپنے ملک کی بدنامی نہی کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بیمار ذہنیت کے مالک ہیں جو سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں سوچتے۔ یہ واحد وزیراعظم ہیں جو کرپشن کی داستانیں سنا کر سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی دیتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کیس میں سیف سٹی اٹھارٹی کی فوٹیج سے حکومت کا جھوٹ ثابت ہو گیا۔ مشرف دور میں بھی منشیات کے کیسز نہیں بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کسی لیگی رہنما کیخلاف کیس میں حکومت ریفرنس دائر نہیں کر سکی۔ ن لیگ عمران خان کے سیاسی حسد کا نشانہ بن رہی ہے لیکن ہم اس سے کمزور نہیں ہو رہے۔

احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ تازہ سروے کے مطابق 80 فیصد آبادی ملکی حالات سےمطمئن نہیں۔ حکومتی وزرا اشتعال انگیز بیانات دینے کی بجائے عمران خان کے اپنے دھرنوں بارے بیانات کے کلپس دیکھیں تاکہ ان کی تربیت ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان ہونے پر پارٹی نے اپنی سفارشات تیار کی ہیں۔ شہباز شریف پارٹی کی سفارشات نواز شریف تک پہنچائیں گے جو حتمی فیصلہ کرینگے۔ اس کے بعد میڈیا کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
 

Advertisement