چودھری برادران اور فضل الرحمان کا رابطہ، آج اسلام آباد میں ملاقات کا فیصلہ

Last Updated On 04 November,2019 11:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چودھری برادران نے آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا، چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی آج اسلام آباد جائیں گے۔

چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی آج اسلام آباد میں مولانافضل الرحمان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں آزادی مارچ کے معاملات اور ان کے سیاسی حل پر بات چیت ہوگی، ملاقات میں دھرنے کے سیاسی حل سے متعلق بھی بات چیت ہوگی۔ ادھر چیئرمین سینیٹ سے گزشتہ روز مولانا عبدالغفور حیدری نے ملاقات کی اور مولانا فضل الرحمان کا پیغام پہنچایا، صادق سنجرانی نے اکرم درانی سے بھی رابطہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے مولانا عبدالغفور حیدری امیر جے یو کا اہم پیغام لے کر چیئرمین سینیٹ کے پاس گئے تھے۔ اکرم درانی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی مذاکرات کرنا چاہتی ہے جس پر اکرم درانی نے کہا حکومت وزیراعظم کے استعفیٰ پر بات نہیں کرنا چاہتی جس کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے، اپوزیشن کا پہلا مطالبہ ہی وزیراعظم کا استعفیٰ ہے۔

دوسری طرف حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا پرویز خٹک کی سربراہی میں اجلاس ہوا، اجلاس میں کمیٹی کو وزیر داخلہ نے سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ کسی بھی انتشار کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، انتظامیہ دھرنے والوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔
 

Advertisement