آرمی چیف کا مصحف ایئربیس کا دورہ، ایف 16 طیارے پر فلائنگ کی

Last Updated On 03 December,2019 08:10 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مصحف ایئر بیس کا دورہ کیا اور ایف 16 طیارے پر فلائنگ کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی ایف 16 طیارے پر فلائنگ کی۔ مصحف ایئر بیس کے دورے کے موقع پر آرمی چیف نے سکوارڈن کے فائٹر پائلٹس سے بھی ملاقات کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور قوم کیلئے اس کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے ایئر چیف کی قائدانہ صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا۔

ایئر چیف مجاہد انور خان نے آرمی چیف کے دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آپریشنل کامیابیوں کیلئے افواج کے درمیان ربط ضروری ہے۔ افواج کے درمیان تربیت اور آپریشنز سے متعلق روابط ہونے چاہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ایف 16 طیاروں نے فضا میں بلند ہو کر جنگی مہارت کا مظاہرہ کیا اور دوبدو مقابلوں کی ریہرسل کی۔
 

Advertisement