اورنج لائن ٹرین تکمیل کے آخری مراحل میں داخل، ٹکٹ کتنے کا ہوگا؟ تجاویز سامنے آ گئیں

Last Updated On 03 December,2019 07:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اجلاس میں اورنج لائن ٹرین کا ٹکٹ چالیس روپے رکھنے کی سفارش جبکہ سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی دینے کی بھی تجویز دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹکٹ کی قیمت اور سبسڈی کے بارے میں متعلقہ محکموں نے تجاویز پیش کیں۔ اورنج لائن ٹرین پر 27 اعشاریہ ایک کلومیٹر کے سفر پر 40 روپے کے ٹکٹ کی سفارش پیش کی گئی جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے سالانہ 6ارب روپے کی سبسڈی بھی مانگ لی ہے۔ سبسڈی نہ دینے کی صورت میں ٹکٹ مہنگا کرنا پڑے گا۔

محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے تجاویز پر اعتراض لگا دیا گیا اور ٹکٹ 50روپے رکھنے کی سفارش کی گئی۔ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ زیادہ سبسڈی نہیں دے سکتے۔ آئندہ اجلاس میں محکمہ خزانہ پنجاب سے مشاورت کے بعد ٹکٹ کی قیمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی اورنج ٹرین پر سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا اور منصوبے کی مخالفت کی تھی۔ اب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 10 دسمبر کو اورنج ٹرین چلانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
 

Advertisement