وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس،16 نکاتی ایجنڈے پر غور

Last Updated On 23 December,2019 02:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جاری ہے، پٹرولیم پالیسی 2012 کے ترمیمی مسودے کی منظوری سمیت 16 نکاتی ایجنڈہ پر غور ہوگا۔

کونسل کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلی، وزیر بین الصوبائی روابط اور چیف سیکرٹریز شریک ہیں، صوبوں کو پانی کے خالص منافع پر عملدرآمد کے فارمولے پر بحث ہوگی، اجلاس میں پیٹرولیم پالیسی 2012 کے ترمیمی مسودہ، ایل این جی درآمد، ایل پی جی رائیلٹی کا معاملہ اور پانی کی تقسیم کے معاہدے سے متعلق اٹارنی جنرل کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حویلی شاہ بہادر اور بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری کی سمری بھی زیر غور ہو گی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے صوبوں کو فنڈز کی غیر قانونی منتقلی کا معاملہ اور صوبہ سندھ کی جانب سے صوبوں کے فنڈ سے ایف بی آر کی غیر قانونی اور غیر آئینی کٹوتی کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، ایجنڈے کے مطابق چیئرمین واپڈا اور ارکان کی تقرری سے متعلق ڈرافٹ بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ قدرتی وسائل کی تقسیم کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 158 اور 172 پر عملدرآمد کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، متبادل توانائی پالیسی 2019 منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔
 

Advertisement