دنیا کی کم عمر مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ ارفع کریم کو بچھڑے 8 برس بیت گئے

Last Updated On 14 January,2020 11:13 am

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا کی کم عمر مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ ارفع کریم کو بچھڑے 8 برس بیت گئے، ارفع کریم نے 9 برس کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ کا اعزاز حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا۔

ارفع کریم رندھاوا 2 فروری 1995ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے محض 9 برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل امتحان پاس کر کے تہلکہ مچا دیا۔ ارفع نے فاطمہ جناح گولڈ میڈل، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ، صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت دیگر اعزازات حاصل کیے۔

2005ء میں مائیکرو سافٹ کے خالق بل گیٹس نے ارفع کریم کو ذاتی مہمان بنا کر امریکہ آنے کی دعوت دی۔ بل گیٹس نے ارفع کریم سے خصوصی ملاقات کی اور مائیکرو سافٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کروایا۔ اس کے علاوہ ارفع کریم کو مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ ایپلی کیشن کی سند بھی عطا کی۔

مائیکرو سافٹ نے بار سلونا میں 2006ء کی تکنیکی ڈیولپرز کانفرنس منعقد کی اور پوری دنیا سے 5 ہزار سے زیادہ مندوبین میں سے پاکستان سے صرف ارفع کریم کو مدعو کیا۔ علاوہ ازیں ارفع کریم نے دبئی کے فلائنگ کلب میں صرف 10 سال کی عمر میں ایک طیارہ اڑایا اور طیارہ اڑانے کا سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیا۔

ارفع کو 22 دسمبر 2011 کو مرگی کا دورہ پڑنے پر لاہور کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ کچھ روز کومے میں رہنے کے بعد 14 جنوری 2012ء کو خالق حقیقی سے جا ملیں لیکن مائیکرو سافٹ کی تاریخ میں ناقابل فراموش نقوش چھوڑ گئیں۔
حکومت نے بعد از مرگ لاہور کے ایک ٹاور اور کراچی کا آئی ٹی سینٹر ارفع کریم کے نام سے منسوب کر دیا۔
 

Advertisement