شبر زیدی کا معاملہ مزید پیچیدہ، نئے چیئرمین ایف بی آر کی تلاش شروع، ذرائع کا دعویٰ

Last Updated On 02 February,2020 11:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شبر زیدی کے چھٹیوں پر جانے کا معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ حکومت نے نئے چیئرمین ایف بی آر کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق شبر زیدی کے بھائی کو ہارٹ اٹیک ہوا جبکہ ان کی اپنی طبیعت بھی انتہائی خراب ہے۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب کا نام بھی لسٹ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔

ادھر ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ شبر زیدی وزیراعظم کو بتا کر 17 فروری تک چھٹیوں پر گئے ہیں۔ تاہم صحت کے مسائل کی وجہ سے ان کی واپسی کے امکانات کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شبر زیدی کی رخصت، نوشین امجد کو چیئرمین کا چارج تفویض

خیال رہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی ایک بار پھر غیر معینہ مدت کیلئے رخصت پر چلے گئے ہیں، ان کی جگہ نوشین امجد جاوید کو اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شبر زیدی کی رخصت کا اطلاق 31 جنوری 2020ء سے ہوگا۔ اس سے پہلے بھی شبر زیدی 6 سے 19 جنوری تک طبیعت کی ناسازی کے باعث رخصت پر تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ شبر زیدی کی خراب صحت اور دباؤ کے باعث مستقبل قریب میں کام جاری رکھنے کے امکانات کم ہیں۔ شبر زیدی نے کراچی جانے سے پہلے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو آگاہ کیا تھا۔

دوسری جانب بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم میں اختلافات شبر زیدی کی رخصت کی اہم وجہ ہیں۔
 

Advertisement