قومی اسمبلی: بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کی قرار داد منظور

Last Updated On 07 February,2020 06:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سب کے سامنے پھانسی دینے کی قرار داد منظور کر لی گئی۔ پیپلزپارٹی نے قرار داد کی مخالفت کی۔

وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے، قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سزائیں بڑھانے سے جرائم کم نہیں ہوتے، اقوامِ متحدہ کے قوانین کے مطابق سرعام پھانسی نہیں دی جاسکتی، پاکستان اقوام متحدہ کا سگنیٹری ہے، ایک اور کیس میں بھی سرعام پھانسی کا فیصلہ آیا تھا اس کا کیا ہوا۔

 ادھر وفاقی وزیر فواد چودھری نے بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی مخالفت کی اور کہا قرارداد منظور کرنے کی سخت مذمت کرتا ہوں، جرم کا جواب بربریت نہیں ہونا چاہیئے۔

Advertisement